امریکی ریاست آئیووا (Iowa) کے مشرقی شہر مسکاٹائن (Muscatine) میں ایک مسلح شخص نے اپنے ہی خاندان کے 6 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
مسکاٹائن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی تحقیقاتی بیان کے مطابق بظاہر یہ ہولناک واقعہ ایک “گھریلو تنازع” کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تاحال اس قتلِ عام کی اصل اور قطعی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی جب پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہیں ایک رہائش گاہ کے اندر سے 4 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس چیف نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ اگرچہ مشتبہ قاتل پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو چکا تھا، لیکن جلد ہی اس کی شناخت 52 سالہ ریان ویلیس میک فارلینڈ کے نام سے کر لی گئی۔
BREAKING: Mass shooting in Muscatine, Iowa
Chief of Police says 6 people were found dead including 2 children.
Suspect fatally shot himself after being chased by police.
The suspect is Ryan Willis McFarland and the victims are believed to be his family.
Horrifying pic.twitter.com/9GH0nfCIL2
— Libs of TikTok (@libsoftiktok) June 2, 2026
پولیس نے ملزم کا پیچھا کیا اور اسے شہر کے دریا کنارے واقع پل کے پاس ڈھونڈ نکالا۔ جب پولیس افسران اس سے بات چیت کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تو اس نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
ملزم کی خودکشی کے بعد جب مزید شواہد اور معلومات سامنے آئیں تو پولیس نے تلاشی کے دوران مزید دو مردوں کی لاشیں برآمد کیں جنہیں ملزم نے نشانہ بنایا تھا۔ ان میں سے ایک لاش قریبی گھر اور دوسری ایک کاروباری مرکز سے ملی۔
پولیس چیف کے مطابق تمام مقتولین مبینہ طور پر حملہ آور کے خاندان کے ہی ارکان تھے جن کی تاحال باقاعدہ شناخت پبلک نہیں کی گئی، تاہم ایک امریکی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مقتولین میں کم از کم دو بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے حملہ آور کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود تھا، تاہم اس کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مسکاٹائن تقریباً 24 ہزار کی آبادی پر مشتمل ایک ساحلی شہر ہے جو ریاست آئیووا کے دارالحکومت ڈیس موئنز سے 155 میل مشرق میں واقع ہے۔
