اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق ایک رپورٹ کی اشاعت پر بی بی سی اردو کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے باضابطہ شکایت درج کرا دی۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ رپورٹ غیر مصدقہ اور غیر ثابت شدہ الزامات پر مبنی تھی۔ جبکہ اس میں سرکاری حقائق، دستیاب ریکارڈ اور متعلقہ حکام کے مؤقف کو نظر انداز کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر سے متعلق حقائق کے برخلاف خبر کی اشاعت پر بی بی سی اردو کے سامنے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ وہ خبروں کی اشاعت سے قبل حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کریں اور صحافتی اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
وزارت اطلاعات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی بی سی اردو کی جانب سے غیر مصدقہ اطلاعات کی اشاعت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ بلکہ غیر تصدیق شدہ دعوؤں پر مبنی رپورٹس کی اشاعت ایک تشویشناک رجحان اختیار کرتی جا رہی ہے، جس کی اصلاح کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بی بی سی اردو نے آزاد جموں و کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق جو خبر شائع کی۔ وہ زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔ وزارت کے مطابق اس خبر میں کیے گئے دعوؤں کو آزاد جموں و کشمیر کی حکومت بھی مسترد کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
وزارت اطلاعات و نشریات نے زور دیا کہ بین الاقوامی میڈیا ادارے غیر مصدقہ، گمراہ کن اور بے بنیاد خبروں کی اشاعت سے گریز کریں اور صحافتی اقدار، غیر جانبداری اور حقائق کی تصدیق کے اصولوں کو مقدم رکھیں تاکہ عوام کو درست اور مستند معلومات فراہم کی جا سکیں۔
