اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تحقیقاتی تعاون، وظائف اور تعلیمی تبادلے کے پروگراموں میں جرمنی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے میں پاکستان گہری دلچسپی رکھتا ہے تاکہ انسانی سرمائے کی ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سفیر انا لیپل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم، سیاحت، ثقافت، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
دونوں فریقوں نے پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے سفیر کو پاکستان کے معاشی بحالی اور اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں معاشی استحکام میں بہتری، مہنگائی میں کمی، پالیسی ریٹس میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی کو نمایاں کیا گیا۔
احسن اقبال نے حکومت کی جانب سے عوامی شعبے کے گورننس کو جدید بنانے، ترقیاتی منصوبہ بندی کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے بشمول منصوبہ بندی کمیشن کے پروجیکٹ مینجمنٹ اور منظوری کے نظام میں تبدیلی لانے کے ذریعے شفافیت، کارکردگی اور جواب دہی کو بڑھانے کی کوششوں پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے اعلیٰ تعلیم، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تحقیقاتی تعاون، وظائف اور تعلیمی تبادلے کے پروگراموں میں جرمنی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے میں پاکستان کی شدید دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ انسانی سرمائے کی ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
احسن اقبال نے جرمنی کو گلگت بلتستان میں پائیدار اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے میں تعاون کی دعوت دی۔ اور سیاحت کی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی ترقی میں جرمن ماہرین کی مہارت کا خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلویز نے 103 ارب روپے سے زائد آمدن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا
سفیر انا لیپل نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں اور ترقیاتی ترجیحات کو سراہا اور تعلیم، پائیدار ترقی، ثقافتی تبادلوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔
