اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرادری نے مالی سال 27-2026 کے فنانس بل کی منظوری دیتے ہوئے اس پر دستخط کر دیئے۔ جس کے بعد آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ یکم جولائی سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فنانس بل کی منظوری وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر دی۔ صدارتی دستخط کے بعد بل کو گزٹ نوٹیفکیشن کے لیے متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
18 ہزار ارب روپے سے زائد حجم کے وفاقی بجٹ پر عملدرآمد کا آغاز یکم جولائی 2026 سے ہو گا۔ جبکہ بجٹ میں شامل تمام مالیاتی اقدامات، ٹیکس اصلاحات، ڈیوٹیوں میں ردوبدل اور دیگر فیصلے بھی اسی تاریخ سے نافذ تصور کیے جائیں گے۔
فنانس بل کے تحت وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے، جبکہ مختلف شعبوں کے لیے ترقیاتی اور مالیاتی اہداف بھی مقرر کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے فنانس بل منظوری کے لیے گزشتہ روز ایوانِ صدر بھجوایا تھا، جو صدر مملکت کے دستخط کے بعد واپس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور جرمنی کا تعلیم، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
حکام کا کہنا ہے کہ فنانس ایکٹ 2026-27 کا نفاذ وفاقی حکومت کے لیے نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں، معاشی اصلاحات اور مالیاتی اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے بجٹ میں شامل پالیسیوں پر عملی عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گی۔
