ملک کے مختلف شہروں سے 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔
اسلام آباد میں جی 6 امام بارگاہ سے 9 محرم کا جلوس برآمد ہوا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت میں امام بار گاہ اثنا عشری کا دورہ کیا، وہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جلوس کے تمام روٹس کا معائنہ بھی کیا۔
آئی جی اسلام آباد نے تمام پولیس یونٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی۔
آئی جی اسلام آباد نے امام بارگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں، 16 ہزار کے قریب اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 نافذ
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور آرمی کو لگایا گیا ہے، 5 لیئرز میں سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، روٹس کے راستوں میں کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں، کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ جلوس کےعلاقوں میں پرائیویٹ ڈرون اڑانے پر پابندی ہو گی۔
علاوہ ازیں کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گیا جو اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان سے نکلنے والا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
