مسجد نبویؐ کے امام شیخ علی عبدالرحمان الحذیفی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام گناہ چھوڑ کر قیامت کے دن کی تیاری کی جائے، قیامت کے دن آنے میں کوئی شک نہیں۔
آخرت کی بہترین تیاری کا طریقہ اللہ کی عبادت ہے۔ اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو، تقویٰ اختیار کرو، عہد کی پاسداری کرو۔ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے۔ اہل ایمان کابنیادی خاصہ ہےکہ وہ ہمیشہ اللہ کی توحید پر عمل پیرا رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی کو اللہ تعالیٰ کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، رب کے سوا کسی غیر کی عبادت مت کرنا، توحید پر عملدرآمد اہل ایمان کا خاصا ہے، ایمان والوں کے سامنے اللہ کی آیات پیش کی جائیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔
مسجد نمرہ میں عازمین حج کے لئے اعلیٰ معیاری قالینیں اور پھوار والے پنکھے نصب
شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے کہا کہ مسلمان توحید کی دعوت پر لبیک کہتے ہیں ،یہ وہ عظیم جگہ ہے جہاں اللہ نے اپنا پاک کلام نازل فرمایا۔
خطبہ میں کہا گیا کہ نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں، نبی اکرم ﷺ خاتم النبین ہیں، مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ صبر کرنے والوں کیلئےاللہ تعالیٰ نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے۔
خطبہ میں کہا گیا کہ اللہ فرماتا ہے سب نےمیری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے، اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے حجاج دنیا کے دور دراز علاقوں سے آئے ہیں، حج اللہ کے سامنے جھکنے اور نبی کریم ﷺکی پیروی کرنے کا نام ہے، اللہ کا فرمان ہے کہ ہمیشہ جھوٹ بات سے بچو۔
سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کیلئے نئی سہولت فراہم
خطبہ میں مزید کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائیں، جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں،اللہ اوربندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے ،اےایمان والو، اپنے رب کے ساتھ جڑے رہو۔
امام مسجد نبویؐ نے کہا کہ حج کے دوارن کسی قسم کی لڑائی جھگڑے سے اجتناب کرنا چاہئے، کسی بھی ایسے عمل سے گریز کریں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے، ہمیشہ سچ بولیں اور غلط بیانی سے گریز کریں، حجاج کرام ہر لمحہ مغفرت کی دعا کرتے رہیں، حجاج کرام مناسک حج بہترین انداز میں ادا کریں۔
امام عبدالرحمان الحذیفی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہی دعائیں قبول کرنے والا اور گناہوں کو معاف فرمانے والا ہے، اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال قبول فرمائے ، اور مسلمانوں کو ہدایت عطا فرمائے۔ یا اللہ مسلمانوں کے حالات بہتر کر دے، یکجہتی عطا فرما دے.
