ریل می (Realme) نے اپنی 16 سیریز میں نیا اسمارٹ فون Realme 16T متعارف کرا دیا ہے، جس کی خاص بات 8,000mAh بیٹری ہے جو کمپنی کے مطابق ایک چارج پر تین دن تک چل سکتی ہے۔
نئے فون میں 6.8 انچ ایچ ڈی پلس ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں 144 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 1,200 نٹس تک برائٹنیس موجود ہے۔ سیکیورٹی کے لیے فنگر پرنٹ سینسر پاور بٹن میں دیا گیا ہے۔
ہارڈویئر کے لحاظ سے ڈیوائس میں MediaTek Dimensity 6300 پروسیسر استعمال کیا گیا ہے، جبکہ 8 جی بی تک ریم اور 2 ٹی بی تک اسٹوریج بڑھانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ فون Realme UI 7.0 پر چلتا ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ میں 50 میگا پکسل کا سونی IMX852 مین سینسر شامل ہے، جس کے ساتھ 2 میگا پکسل مونوکروم لینس دیا گیا ہے، جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرہ موجود ہے۔ اے آئی فیچرز میں پورٹریٹ گلو اور بہتر اسکن ٹونز کے لیے لُوما کلر ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
بیٹری کے حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ فون کی بیٹری کم از کم سات سال تک مؤثر کارکردگی دے سکتی ہے۔ اس میں 45 واٹ فاسٹ چارجنگ اور 15 واٹ ریورس چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے۔
قیمت کے لحاظ سے 6 جی بی اور 128 جی بی ماڈل کی قیمت 313 ڈالر، 8 جی بی اور 128 جی بی ورژن 334 ڈالر جبکہ 8 جی بی اور 256 جی بی ماڈل 365 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔
