اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے لائیواسٹاک میں انقلاب آئے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لائیو اسٹاک سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی لائیواسٹاک کے شعبے سے متعلق سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ہمیں صوبوں کے ساتھ مل کر لمبا سفر طے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں باتوں سے آگے بڑھ کر عمل کی طرف تیزی سے بڑھنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔ اور ہمارے کسان دن رات محنت کر کے ملکی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہم خطے میں لائیواسٹاک کے شعبے میں پیچھے ہیں۔ اور ہمارا ملک دودھ کی پیداوار کے حوالے سے چوتھے نمبر پر شمار ہوتا ہے۔ ملکی لائیواسٹاک کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمارا انتہائی قابل اعتماد دوست ہے۔ اور چین کے ساتھ پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی ٹرانسفارمیشن سے متعلق بات چیت چل رہی ہے۔ یہ شعبہ کم عرصے میں پاکستان کو خودکفیل بنا سکتا ہے۔ اور ایک ہزار نوجوان زرعی گریجوایٹس کو میرٹ کی بنیاد پر چین بھیجا گیا۔ جبکہ مزید ایک ہزار بچے اور بچیوں کو وفاق کے تعاون سے چین بھیجیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید ایک ہزار زرعی گریجوایٹس کو چین بھیجنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچے جدید تعلیم حاصل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی اصلاحات پر اجلاس میں ٹیکس نظام میں بہتری کا جائزہ لیا گیا۔ جس میں وزیراعظم نے کہا کاروباری افراد کو زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ: نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک میں معاہدہ
وزیر اعظم نے رواں سال کو معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی اور خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
