اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی اتنی سستی کریں گے کہ لوگ دن میں بیٹریاں چارج کر کے رات کو استعمال کریں گے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی سیکٹر کی اصلاحات ملک کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ جن سے نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی بلکہ نظام میں بھی بہتری ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وہی ممالک ترقی کرتے ہیں جو توانائی کی قیمتوں کو عالمی مارکیٹ کے برابر لاتے ہیں۔ جبکہ نجی کمپنیوں کو اسمارٹ میٹرز لگانے کے مواقع بھی دیئے جا رہے ہیں۔
اویس لغاری کے مطابق ڈیفیکٹو میٹرز پر بلنگ سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑتا ہے۔ اس لیے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ کوئی بھی ڈیفیکٹو میٹر 3 ماہ سے زیادہ استعمال نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئندہ کے لیے آئی پی پیز کے ماڈل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور مزید 10 ہزار میگاواٹ کے آئی پی پیز لگانے کا منصوبہ بھی روک دیا گیا ہے، جبکہ متعدد معاہدوں پر نظرثانی ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دن کے اوقات میں بی 3 اور بی 4 صارفین کے لیے بجلی 6 سے 7 روپے فی یونٹ سستی کی جائے گی۔ بجلی کمپنیوں کے بورڈز میں سیاسی افراد کو شامل نہیں کیا گیا۔ اور اگر بورڈز اور انتظامیہ کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت نے رہائشی پلاٹوں کی کمرشل کیٹیگری میں تبدیلی پر عائد پابندی ختم کر دی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیسکو اور میپکو میں میٹروں کی خریداری کے عمل میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ جبکہ آئندہ ایک سے دو سال میں بجلی کمپنیوں کی نجکاری بھی متوقع ہے۔
