ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح کم ہو کر 14.47 فیصد پر آ گئی ہے جبکہ حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.33 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا جہاں 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیاء سستی ہوئیں، جبکہ 14 بنیادی اشیاء کی قیمتیں اپنی جگہ مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے تفصیلی موازنے کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 7.17 فیصد، پیاز میں 6.08 فیصد، آٹے میں 1.84 فیصد اور آلو کی قیمت میں 0.87 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اس کے علاوہ کوکنگ آئل، چائے اور دہی سمیت دیگر کئی روزمرہ کی اشیاء بھی مہنگی ہوئیں۔ دوسری جانب، صارفین کے لیے ریلیف کی بات یہ رہی کہ چکن کا گوشت 8.56 فیصد سستا ہوا، جبکہ لہسن، مختلف دالیں، انڈے اور کیلے بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل رہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے بجلی چارجز میں 6.08 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کے شعبے میں بھی قیمتیں نیچے آئی ہیں، جہاں حالیہ ہفتے کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.21 فیصد جبکہ ایل پی جی (LPG) کی قیمتوں میں 0.87 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
