لاہور کے علاقے سندر میں گھر کی مالک خاتون کی جانب سے کم عمر گھریلو ملازمہ پر وحشیانہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے معصوم بچی پر چوری کا جھوٹا الزام عائد کر کے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث بچی کے جسم، بازوؤں اور آنکھوں کے قریب شدید زخموں اور تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کمسن ملازمہ پر تشدد کے اس واقعے کا مقدمہ متاثرہ بچی کی دادی کی مدعیت میں تھانہ سندر میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔
مقدمے کے اندراج کے بعد سندر پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی کی اور گھریلو ملازمہ پر تشدد میں ملوث نامزد ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
