پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ۔
دونوں ممالک کے درمیان سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
سری لنکا کے سابق کرکٹر گریم لا بروئے تینوں ون ڈے میچز میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ گریم لا بروئے 1986 سے 1992 کے دوران 9 ٹیسٹ اور 44 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا، رچرڈ کیٹلبرو اور کمار دھرماسینا سیریز میں آن فیلڈ امپائرنگ کریں گے،30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں کمار دھرماسینا کے ساتھ آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ آصف یعقوب آئی سی سی ایمرجنگ امپائرز پینل کا حصہ ہیں۔
2 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں فیصل خان آفریدی اور رچرڈ کیٹلبرو امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، فیصل خان آفریدی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے رکن ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: پاکستانی بیٹرز اور بولرز کی پوزیشن میں تنزلی
سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 4 جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں احسن رضا اور کمار دھرماسینا آن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ ناصر حسین فورتھ امپائر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
