اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلبا کی سہولت کے لیے ڈگریوں کی تصدیق کا مکمل طور پر آن لائن اور پیپر لیس نظام متعارف کرا دیا۔
ہائر ایجوکیشن کمشین (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ نئے ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم (ڈی اے ایس) کے تحت اب امیدواروں کو ڈگری تصدیق کے لیے ایچ ای سی دفاتر کے چکر لگانے یا اصل دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدید نظام بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد تصدیقی عمل کو تیز، محفوظ اور شفاف بنانا ہے۔ اس منصوبے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
نئے سسٹم کے تحت طلبا ایچ ای سی کے ای سروسز پورٹل کے ذریعے 24 گھنٹے کسی بھی وقت اپنی درخواست آن لائن جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کو پورٹل پر اکاؤنٹ بنا کر تعلیمی تفصیلات اور اسناد اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ جن کی جانچ پڑتال ایچ ای سی اور متعلقہ جامعات آن لائن کریں گی۔
فیسوں کی ادائیگی کو بھی ون لنک کے ذریعے آن لائن نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ تاکہ طلبا کو بینکوں میں طویل انتظار سے بچایا جا سکے۔
ایچ ای سی کے مطابق اب حتمی جانچ مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کو ڈیجیٹل ای سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ جبکہ منظوری سے متعلق آگاہی ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے دی جائے گی۔ امیدوار اپنے پورٹل اکاؤنٹ سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہو گی بلکہ انسانی مداخلت کم ہونے سے شفافیت میں بھی اضافہ ہو گا۔
