محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش ہونے کی توقع ہے، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی اور چارسدہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح دیر، چترال، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، مہمند اور باجوڑ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کرم، پاڑہ چنار، کرک، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سوات اور مالم جبہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شام کے اوقات میں بالائی اضلاع میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ:نامعلوم افراد کی فائرنگ، 4افراد جاں بحق،ایم پی اے ایوب گادھی سمیت 5 زخمی
محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، گزشتہ روز اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تھا، جبکہ آج جڑواں شہروں میں مزید بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آئندہ 12سے24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ اورملتان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
