ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنے نئے اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے ہیں، جن کی ابتدائی قیمت 299 ڈالر رکھی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے گلاسز کو پہلے سے زیادہ آرام دہ اور روزمرہ استعمال کے لیے موزوں بنایا گیا ہے۔
نئے میٹا گلاسز تین ڈیزائنز، ایڈونچر، فیوری اور اسٹار فائر میں پیش کیے گئے ہیں۔ ان میں وہی بنیادی فیچرز موجود ہیں جو رے بین(Ray Ban) میٹا گلاسز میں دیے گئے تھے، جن میں 12 میگا پکسل کیمرا، اسپیکرز، چھ مائیکروفونز اور Meta AI اسسٹنٹ شامل ہیں۔
میٹا کے مطابق گلاسز میں بہتر AI بھی شامل کی گئی ہیں، جن کی مدد سے صارفین قدرتی انداز میں گفتگو، متعدد زبانوں میں ترجمہ اور تصاویر کے لیے “ڈائنامک فوٹو” جیسے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ میں بڑی تبدیلیاں متوقع، سوشل پلیٹ فارم بنانے کی تیاری
نئے ماڈلز کو زیادہ آرام دہ بنانے کے لیے ایڈجسٹ ہونے والے ناک پیڈز، لچکدار فریم اور مختلف سائز فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ گلاسز ایک چارج پر تقریباً 8 گھنٹے تک کام کر سکتے ہیں، ان کے ساتھ آنے والا چارجنگ کیس اضافی بیٹری بھی فراہم کرتا ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اسمارٹ گلاسز کا مقصد مصنوعی ذہانت کو صارفین کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے. کمپنی مستقبل میں ان گلاسز کے لیے وائس گائیڈڈ نیویگیشن (Voice Guide Navigation)کی سہولت بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
