معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے جو پیشہ ورانہ مہارت، جرات، ہمت اور قومی اتحاد کا واضح ثبوت ہے، مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت اور فخر کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کو نمایاں کیا، اس کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اجاگر کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کے مؤثر اور بروقت ردعمل نے دشمن کی سازشوں اور فالس فلیگ پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے باعث دشمن کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
ہر جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم کا دوٹوک اعلان
آئی ایس پی آر کے مطابق پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ خطرات کے باوجود مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی محاذوں پر اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران افواج نے اپنی مکمل پیشہ ورانہ تیاری اور ہمہ جہت دفاعی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا ہے اور مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، جس سے ملک کی دفاعی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
مزید کہا گیا کہ قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ مسلح افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
معرکہ حق کی کامیابی نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور تیاری کو عالمی سطح پر تسلیم کروایا ہے، جبکہ اس کامیابی نے عوام کے اعتماد کو بھی فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ، علاقائی امن کے فروغ اور ہر قسم کے خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔
