وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کے درمیان آج شام ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گرمجوش اورخوشگوار بات چیت میں خطے میں پائیدارامن کے قیام کے لئے جاری سفارتی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امیرِقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کیساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کیلئے اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں انتہائی مفید ثابت ہوئیں۔
دانش اسکولوں کا جال پورے ملک میں بچھائیں گے، ہونہار نوجوان پاکستان کا فخر ہیں، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیرِقطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں جو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردارادا کرے گا۔
قطر کے وزیراعظم نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لئے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ قطر ان کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔
