عدالت نے 9 مئی مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 12 جون تک توسیع کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر اور کلمہ چوک پر کنٹینرز جلانے سمیت 9 مئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔
سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج نے کی، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان عدالت میں پیش نہ ہوئیں، جس پر ان کے وکلاء نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی، وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے سلسلے میں گئی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے بھی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جبکہ سابق وفاقی وزراء اسد عمر، اعظم سواتی سمیت دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔
معرکۂ حق کا ایک سال مکمل، آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا، مسلح افواج
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں میں 12 جون تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء کو ضمانتوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
