سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک سال قبل جس طرح بھارت کو شکست ہوئی۔ اس کا تکبر پاک افواج نے مٹی میں ملا دیا اور اب بھارت دوبارہ پاکستان پر حملہ کرنے کی جرأت نہیں کرے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اچھے ہمسائے کی طرح امن چاہتا ہے۔ تاہم بھارت کی جانب سے پراکسی جنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پراکسی وار کر رہا ہے۔ اور طالبان عناصر کو سپورٹ حاصل ہے۔ جس کے باعث سیکیورٹی چیلنجز برقرار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی افواج نے ملک کے دفاع میں مثالی کردار ادا کیا۔ اور اپنی قربانیوں سے قوم کو تحفظ فراہم کیا۔ قوم کو بھی ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ افواج نے گلگت بلتستان سے لے کر کراچی اور گوادر تک ملک کے ہر کونے کا دفاع کیا۔ اور سرحدوں پر تعینات جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ابدالی میزائل کے کامیاب تجربے نے دشمن کی نیندیں اڑا دیں
وزیر دفاع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مفاد ہر چیز سے مقدم ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
