واشنگٹن: امریکی محکمہ توانائی نے تیل کمپنیوں کو اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو سے مزید 92.5 ملین بیرل خام تیل قرض پر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی محکمہ توانائی کے مطابق کمپنیاں اس تیل کے حصول کے لیے بولی لگا سکیں گی، جو ویسٹ ہیک بیری، برائن ماؤنڈ، بگ ہل، بیاؤ شوکٹاؤ کے ذخیرہ گاہوں سے فراہم کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اس سے قبل بھی تین مراحل میں 126 ملین بیرل خام تیل کی پیشکش کر چکا ہے۔ تاہم کمپنیوں نے اس میں سے تقریباً 63 فیصد یعنی 80 ملین بیرل سے بھی کم تیل حاصل کیا۔
امریکی اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو، جو ٹیکساس اور لوزیانا کے ساحلی علاقوں میں واقع زیر زمین ذخائر پر مشتمل ہے۔ اس وقت تقریباً 398 ملین بیرل خام تیل پر مشتمل ہے، جو عالمی استعمال کے تقریباً چار دن کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
حکام کے مطابق یہ خام تیل جون سے اگست کے دوران کمپنیوں کو فراہم کیا جائے گا۔ جبکہ کمپنیوں کو یہ تیل مختلف ادوار میں آئندہ سال کے آغاز سے لے کر 2029 کے وسط تک واپس کرنا ہو گا۔
