اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مری، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور اور ساہیوال سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح سوات، پشاور، مانسہرہ، چترال اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے، جھیلیں پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جبکہ 2 سے 5 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔
ادارے نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صنعتی ترقی کیلئے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے، وزیر اعظم
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ کم اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، اس لیے ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
