اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی لائے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے سہولیات بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی لائی جائے۔ جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے کر شعبے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی منصوبوں کو ترجیح دینے اور بجلی کے نرخوں میں استحکام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔ جبکہ گھریلو صارفین کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اختلافات، جوائنٹ سیکرٹری عہدے سے مستعفیٰ
اجلاس میں حکام کی جانب سے گھریلو اور صنعتی صارفین کی بجلی کھپت سے متعلق مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔
