حکومت پنجاب نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں سکھانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے چار ماہ پر مشتمل تیز رفتار آئی ٹی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و انوویشن انوشہ رحمان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کی مہارتوں کے فروغ پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ شرکا کو تعلیمی پس منظر کے مطابق تین گروپس میں تقسیم کیا جائے، جن میں میٹرک یا کم تعلیم یافتہ افراد، انڈرگریجویٹ طلبہ اور پوسٹ گریجویٹس شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید کورسز جیسے پرامپٹ انجینئرنگ، پائتھن اور جاوا پروگرامنگ کو بھی شامل کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹریننگ پروگرامز میں ایک بڑا چیلنج شرکا کی دلچسپی برقرار رکھنا ہوتا ہے، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے نصاب کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اور عملی تجربہ رکھنے والی آئی ٹی کمپنیوں کو شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاشا کے سی ای او کو نصاب کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ اجلاس میں آئی ٹی ایکسپورٹ انڈسٹری اور سرکاری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر شرکا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت میں فعال کردار کے قابل بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
