لاہور: پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) نے صوبے بھر کی سبزی اور پھل منڈیوں کے لیے ٹرانسپورٹ فیس میں اضافہ کر دیا، نئی شرح یکم ستمبر سے پنجاب کی 333 منڈیوں میں نافذ العمل ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آلو اور پیاز لانے والی مزدا گاڑی کی فیس 300 روپے سے بڑھا کر 700 روپے کر دی گئی، جبکہ 22 ویلر ٹرک کی فیس 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 روپے مقرر کر دی گئی۔
ٹماٹر لانے والی مزدا گاڑی کی فیس 500 روپے سے بڑھا کر 800 روپے، جبکہ 22 ویلر ٹرک کی فیس 1600 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کر دی گئی۔ کھیرا لانے والی گاڑیوں کی فیس 800 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے تک، جبکہ دیگر سبزیوں کی گاڑیوں کی فیس 200 سے 800 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
پھلوں کی گاڑیوں پر بھی نئی فیس عائد کی گئی ہے۔ آم، سیب، کینو اور مسمی لانے والی مزدا گاڑی کی فیس 800 روپے سے بڑھا کر 1200 روپے کر دی گئی، جبکہ سیب لانے والے بڑے ٹرک کی فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 1200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
سیب، انار اور انگور لانے والے کنٹینر کی فیس 2200 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے، جبکہ کیلا لانے والے ٹرک کی فیس 1500 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کر دی گئی۔
اسی طرح آڑو، امرود اور اسٹرابری لانے والی گاڑیوں کی فیس 1200 سے بڑھا کر 1500 روپے تک ہو گی، جبکہ گنے کی ٹرالی کی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دی گئی۔ پھل اور سبزی لانے والے رکشے کی فیس 200 روپے اور پک اپ گاڑی کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا 10 روپے کا نوٹ بند کرنے کا اعلان
ڈی جی پامرا کے مطابق نئی شرح فیس کے نفاذ سے گزشتہ سال کے 2 ارب روپے کے مقابلے میں 3 سے 4 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔
