حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
وزارتِ توانائی کے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اوگرا نے نظرثانی شدہ پٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے تحت پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت 370 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 371 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح پٹرول کی قیمت میں بھی 1 روپے 12 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی ایکس ڈپو قیمت 343 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل پٹرول 341 روپے 98 پیسے فی لیٹر کی قیمت پر دستیاب تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 26 اور 27 اگست 2026 کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔
خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان
دوسری جانب عالمی مارکیٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل 82.33 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جس کی قیمت میں 2.68 ڈالر یعنی 3.15 فیصد کمی ہوئی۔
اسی طرح برطانوی برینٹ خام تیل 88.83 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ اس کی قیمت میں 3.34 ڈالر یعنی 3.62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اماراتی مربان خام تیل کی قیمت بھی 8.14 ڈالر کی بڑی کمی کے بعد 93.30 ڈالر فی بیرل پر آگئی جو تقریباً 8.02 فیصد کمی ہے، جبکہ قدرتی گیس کی قیمت معمولی کمی کے بعد 2.772 ڈالر رہی۔
