ممبئی: بھارتی فلمی صنعت کے معروف فلمساز کوکو کوہلی 77 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، انہیں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
کوکو کوہلی نے اجے دیوگن کو فلم ’پھول اور کانٹے‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں متعارف کروایا تھا اور کئی دہائیوں تک ہندی سنیما سے وابستہ رہے۔
کوکو کوہلی کے دوست، فلمساز اورپروڈیوسراشوک پنڈت نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوکو کوہلی کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھے اورانہیں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا، انہیں ممبئی کے کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے۔
بطور ہدایت کار کوکو کوہلی کی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ تھی، جو تجارتی طور پر کامیاب ثابت ہوئی، 1991 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے اجے دیوگن کو بالی ووڈ میں متعارف کروایا، فلم میں مدھو، امریش پوری، ارونا ایرانی اور جگدیپ سمیت دیگر فنکاروں نے اہم کردار ادا کیے تھے۔
کوکو کوہلی نے اسی سال ’کہرام‘ کی ہدایت کاری کی، جبکہ 1994 میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر اجے دیوگن کے ساتھ فلم ’سہاگ‘ بنائی۔
فلم میں اکشے کمار، کرشمہ کپور اور نغمہ بھی شامل تھیں۔ ’سہاگ‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی اور اس فلم کے ذریعے اجے دیوگن اور اکشے کمار کی جوڑی پہلی مرتبہ بڑے پردے پر نظر آئی۔
شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ قتل کیس کا ڈراپ سین، والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار
ان کی دیگر معروف فلموں میں ’حقیقت‘، ’ظلمی‘، ’اناڑی نمبر 1‘ اور ’یہ دل عاشقانہ‘ شامل ہیں، بطور ہدایت کار ان کی آخری فلم ’وہ تیرا نام تھا‘ 2004 میں ریلیز ہوئی۔
جنوری 2026 میں ’یہ دل عاشقانہ‘ کی دوبارہ سینما گھروں میں نمائش کے موقع پر کوکو کوہلی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات پر بے حد خوشی ہے کہ نئی نسل کو بھی یہ فلم بڑے پردے پر دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
