اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی کاروباری وفد کی ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں سعودی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے لیے کاروباری برادری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر تعاون (G2G) اور کاروباری سطح پر تعاون (B2B) کو مزید فروغ دینے کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط مزید گہرے کرنے میں سعودی حکومت اور کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ موجودہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے اور مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔
A high-level Saudi business delegation, led by His Highness Prince Mansour bin Mohammad Al Saud, Chairman of the Saudi-Pak Joint Business Council, called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif at the PM House. Islamabad, 25 August 2026. pic.twitter.com/yU6xOTx5ql
— Prime Minister's Office (@PakPMO) August 25, 2026
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔
سعودی کاروباری وفد دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ حکومتی نمائندوں کے علاوہ نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا، جن میں باہمی سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

