عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی ہے۔
مارکیٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل 82.33 ڈالر فی بیرل پر آگیا، جس کی قیمت میں 2.68 ڈالر یعنی 3.15 فیصد کمی ہوئی۔
اسی طرح برطانوی برینٹ خام تیل 88.83 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ اس کی قیمت میں 3.34 ڈالر یعنی 3.62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رائٹرز کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود سرمایہ کاروں کی جانب سے سپلائی میں فوری بڑے تعطل کے خدشات کم ہونے سے عالمی تیل مارکیٹ پر دباؤ دیکھا جارہا ہے۔
ایشیا کی اہم بینچ مارک اماراتی مربان خام تیل کی قیمت بھی 8.14 ڈالر کی بڑی کمی کے بعد 93.30 ڈالر فی بیرل پر آگئی جو تقریباً 8.02 فیصد کمی ہے، جبکہ قدرتی گیس کی قیمت معمولی کمی کے بعد 2.772 ڈالر رہی۔
پاکستان میں عالمی تیل قیمتوں میں کمی کا اثر آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے، پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں کے لیے اب روزانہ نظرثانی کا نظام نافذ ہے، جس کے تحت عالمی مارکیٹ کے رجحانات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
تازہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 341.98 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 370.69 روپے فی لیٹر ہے۔ آج پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں رد و بدل کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
روپیہ مستحکم، انٹربینک میں ڈالر مزید سستا ہوگیا
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں موجودہ کمی برقرار رہتی ہے تو اس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوسکتی ہے تاہم حتمی قیمت کا انحصار عالمی نرخوں کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر، درآمدی لاگت، ٹیکسز اور دیگر متعلقہ عوامل پر ہوگا۔

