بھارتی شہر ممبئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر بریانی کے بعد تربوز کھانے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کی دو بیٹیاں شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 40 سالہ عبداللہ عبدالقادر، ان کی 35 سالہ اہلیہ نسرین، 16 سالہ بیٹی عائشہ اور 13 سالہ زینب نے ہفتے کی شب اپنے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ بریانی کھائی تھی۔ کھانے کے کچھ دیر بعد رات ایک بجے خاندان نے تربوز بھی کھایا، جس کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح 5 بجے کے قریب خاندان کے چاروں افراد کو شدید قے اور ڈائریا کی شکایت ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر مقامی ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا، تاہم حالت مزید بگڑنے پر انہیں بڑے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج چاروں دم توڑ گئے۔ اسپتال کے ڈاکٹر زید قریشی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ فوڈ پوائزننگ کا کیس معلوم ہوتا ہے، تاہم ہلاکتوں کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ہلاکتیں کھانے پینے کی چیزوں میں کسی زہریلے مادے کی موجودگی کے باعث ہوئیں یا بریانی اور تربوز کا بیک وقت استعمال جان لیوا ثابت ہوا۔
