بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جبکہ انہوں نے لبنانی حکومت پر زور دیا کہ وہ بالواسطہ مذاکرات کی پالیسی اپنائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی بعض رعایتیں غیر ضروری تھیں جنہیں حزب اللہ مسترد کرتی ہے۔ اور مزاحمتی قوت پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔
نعیم قاسم نے مذاکرات کے لیے 5 شرائط بھی پیش کیں جن میں اسرائیلی حملوں کا مکمل خاتمہ، مقبوضہ علاقوں سے انخلا، قیدیوں کی رہائی، بے گھر افراد کی واپسی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکراتی عمل میں پیشرفت ہوئی ہے ، اسلام آباد کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ، عباس عراقچی
انہوں نے کہا کہ لبنانی حکومت کو داخلی سطح پر مذاکرات شروع کرنے چاہئیں تاکہ قومی مفاد کو ترجیح دی جا سکے۔ ان کی تنظیم کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور لبنان کے دفاع کے لیے اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔
