اسلام آباد: پاکستان نے چین کے تعاون سے مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا۔ جسے ایک اہم تکنیکی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ای او تھری سیٹلائٹ چین کے تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا گیا۔ یہ کامیابی ملک کی خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں پیشرفت کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، خوراک کے تحفظ اور ماحولیاتی نگرانی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والا امیجنگ ڈیٹا مختلف شعبوں میں پالیسی سازی اور ترقیاتی منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
ای او تھری سیٹلائٹ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گا۔ جو قومی ترجیحات کے حصول اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: سائنس نے 5سال میں کتنی ترقی کی؟ خوفناک ایجادات جو آپ کی نیندیں اڑا دینگی
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس کامیابی پر اسپارکو کے ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خلائی شعبے میں چین کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا اور اسے دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کا مظہر قرار دیا۔
