جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید بوجھ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں اور یہ اقدام عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ، ٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیئے
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہر طبقے کو متاثر کرتا ہے، جس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
ترجمان جے یو آئی (ف) نے واضح کیا کہ پارٹی مہنگائی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی اور جلد عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاجی ردعمل سامنے آئے گا۔
