اسلام آباد میں پیٹرول کی قلت کے حوالے سے انتظامیہ نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت سے متعلق خبروں پر ضلعی انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پیٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیٹرول پمپس پر قلت کی رپورٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم مجموعی طور پر صورتحال تسلی بخش ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کی عارضی بندش کے باعث چند پمپس کو مشکلات کا سامنا ضرور ہوا لیکن پیٹرول ٹینکرز کے ذریعے ایسے تمام پمپس پر فیول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر مصدقہ خبروں سے پریشان نہ ہوں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیٹرول پمپس پر اسٹاک کی دستیابی کی مسلسل نگرانی کریں۔
مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد شہر بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام پمپس کے اسٹاک کی مکمل مانیٹرنگ جاری ہے۔ کسی بھی مقام پر قلت کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
