اسلام آباد: پاکستان کے قومی خلائی ادارے اسپارکو نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا انسانی خلائی مشن 2026 کے آخر میں متوقع ہے۔
اسپارکو نے انسانی خلائی مشن پروگرام میں اہم پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو خلا باز امیدوار خرم داؤد اور محمد ذیشان علی تجربات کے لیے خلا میں جائیں گے۔ دونوں خلا باز امیدوار جدید تربیت کے لیے چین روانہ ہو گئے ہیں۔
یہ پیشرفت پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
اسپارکو نے کہا ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ چین کے خلائی اسٹیشن مشن میں شرکت کی تیاری کر رہا ہے۔ اور ملک کا پہلا انسانی خلائی مشن 2026 کے آخر تک متوقع ہے۔
حکام کے مطابق پاکستانی خلا باز مائیکرو گریویٹی میں مٹیریل سائنس اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں میں مختلف تجربات انجام دیں گے۔ جس سے سائنسی تحقیق میں نئی راہیں کھلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ بھی اب ماہانہ فیس چارج کرے گا، جانیں تفصیلات اور خصوصیات
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس پیشرفت کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور لازوال دوستی کا عملی مظہر قرار دیا۔ اور خلائی تحقیق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
