لاہور، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 30 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر197 رنزاسکور کیے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹنگ فخر زمان نے کی، جنہوں نے 51 گیندوں پر 103 رنزکی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
فخر زمان کا بیٹ آگ بن گیا، دھواں دار سنچری
ان کے علاوہ چریتھ اسالانکا نے 31، ڈینئل سیمس نے 18 اورعبداللہ شفیق نے 14 رنز بنا کر ٹیم کے اسکورکو مضبوط کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے خلیل احمد نے 2 جبکہ ابراراحمد، عثمان طارق اور بریٹ ہیمٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھرپور مزاحمت کے باوجود 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 188 رنز ہی بنا سکی۔
شامل حسین نے 53 اور رائیلی روسو نے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں، جبکہ ابراراحمد نے اختتامی لمحات میں 24 رنز بنا کر مقابلہ دلچسپ بنایا لیکن ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔
لاہور کی جانب سے حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی، سکندررضا، عبید شاہ اوراسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے جیت کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
