واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران متعدد بار سیز فائر کی شرائط کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اپنے مختصربیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے باربارخلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب امریکا اورایران کے درمیان جاری عارضی جنگ بندی بدھ کی رات ختم ہورہی ہے، دو ہفتوں پرمشتمل یہ سیزفائر 8 اپریل سے نافذ العمل تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کوکم کرنا اورمذاکرات کی راہ ہموارکرنا تھا۔
ایران کیساتھ مذاکرات ، ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان آنے کا امکان
ادھر سفارتی سطح پر اہم پیش رفت بھی متوقع ہے کیونکہ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ منعقد ہونا ہے۔
مبصرین کے مطابق یہ بات چیت دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اورممکنہ تنازعات کے حل میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، تاہم حالیہ الزامات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
