واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہماری ڈیل اوباما کے معاہدے سے کہیں بہتر ہو گی۔ اور ایران کے ساتھ معاہدے پر پوری دنیا فخر کرے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ نیا معاہدہ عالمی امن، سلامتی اور تحفظ کی ضمانت دے گا۔ جبکہ سابق امریکی صدور اوباما اور جوبائیڈن کا کیا گیا معاہدہ امریکی سلامتی کے لیے بدترین تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں ایران کو اربوں ڈالر نقد دیئے گئے جو شرمناک تھا۔ نیا معاہدہ نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ یورپ اور امریکا کے لیے بھی امن لائے گا۔ جبکہ ایران کے معاملے پر ڈیموکریٹس ہماری مضبوط پوزیشن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن توقع سے کہیں زیادہ تیز رہا۔ مجھ پر ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ جبکہ امریکا کو کسی ناقص یا کمزور معاہدے کی طرف دھکیلنے کی اجازت نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ 47 سالہ بگاڑ کو درست کر رہے ہیں۔ جبکہ سابقہ امریکی صدور میں ہمت اور بصیرت کی کمی تھی۔ ایران آپریشن وینزویلا کی طرح مکمل طور پر کامیاب رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ
امریکی صدر نے کہا کہ ڈیموکریٹس فوج کی کامیابیوں کو کم تر دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن میں فوج کا دانشمندانہ استعمال کر کے پیچیدہ مسائل حل کر رہا ہوں۔
