واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں سخت مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادویات پر مبنی طبی تحقیق اور علاج تک رسائی بہتر بنانے کے لیے اہم اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کر دیئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 80 فیصد تک کمی آئی ہے۔ جو گزشتہ 28 سالوں میں پہلی بار ہوا ہے۔ انہیں اپنی اس کامیابی پر فخر ہے اور عوام اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکم نامہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے منظور شدہ ادویات کے شیڈول میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔ جس سے طبی شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں تاہم امریکا سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی کوشش کر سکتا ہے، لیکن وہ امریکا کو بلیک میل نہیں کر سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب نے بھارت کے دو آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے سے روک دیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپین کے معاشی حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ نیٹو میں مکمل حصہ نہ ڈالنے کے باوجود اسپین کو مالی مشکلات کا سامنا ہے جو افسوسناک ہے۔
