لاہور، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری طور پر6 فیصد تک کمی کردی گئی ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں گھرے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نئے کرایوں کی فہرست جاری کرنے کے احکامات دے دیئے گئے ہیں اورتمام ٹرانسپورٹرزکواس پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ دنوں مزید کمی کا امکان ہے، جس کے مثبت اثرات ٹرانسپورٹ سیکٹرپربھی مرتب ہوں گے۔
لائٹ ڈیزل اور جیٹ فیول بھی سستا ہو گیا
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
بلال اکبرخان نے مزید کہا کہ جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کیلئے آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید 10 اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے، جس سے شہری سفری سہولتوں میں بہتری آئے گی اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی ہوگی۔
