کرک میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور مائننگ سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدام کرتے ہوئے انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت 60 روز کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد دریائی علاقوں میں غیر قانونی کھدائی اور سونے کی نکاسی کو روکنا ہے، صوابی، نوشہرہ اور کوہاٹ میں بھی غیر قانونی مائننگ اور سونے کی نکاسی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سونے کی قیمت میں بڑی کمی ، فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟
انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر جاری غیر قانونی کھدائی نہ صرف ماحولیاتی نقصان کا باعث بن رہی ہے بلکہ سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال کا بھی سبب بن رہی ہے۔ اسی وجہ سے متعلقہ اضلاع میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور خطے میں ماحولیات کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
