وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے مثالی صبر و تحمل اور بردباری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ولی عہد کی قیادت بحران کے دوران امن پسند قوتوں کے لیے طاقت کا ذریعہ ہے۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی مذاکرات کے حالیہ دور پر بھی بریفنگ دی۔
ترجمان کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے امن عمل میں تعمیری کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام میں سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان منفرد اور مضبوط تعلق قائم ہے۔
افغان طالبان کی باجوڑ میں گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت قریبی دفاعی شراکت دار ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
