کراچی: صوبہ سندھ میں منکی پاکس کے کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جہاں اب تک 9 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق 14 اپریل 2026 تک صوبے بھر میں منکی پاکس کے 122 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن میں سے 25 کیسز لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے تصدیق شدہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جن میں ایک کراچی اور دوسرا خیرپور میں رپورٹ ہوا۔ جس کے بعد اسکریننگ اور کانٹیکٹ ٹریسنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق خیرپور میں سب سے زیادہ 18 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ کراچی میں 4 اور سکھر میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق فوری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ جن میں آگاہی مہمات اور طبی مراکز میں نگرانی کا نظام مزید سخت کرنا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غیر شادی شدہ افراد میں کینسر کے خطرے سے متعلق حیران کن تحقیق
حکام نے عوام اور طبی عملے کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری رپورٹ کریں اور غیر ضروری میل جول سے گریز کریں۔
