امریکا میں ہونے والی ایک بڑی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ازدواجی حیثیت کینسر کے خطرے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
جریدہ کینسر ریسرچ کمیونیکیشنز میں شائع تحقیق کے مطابق غیر شادی شدہ افراد میں شادی شدہ افراد کے مقابلے میں مختلف اقسام کے کینسر میں مبتلا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
پینے کے پانی سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ، اہم تحقیق سامنے آ گئی
اس تحقیق میں امریکا بھر کے 4 ملین سے زائد کینسر کیسز کا تجزیہ کیا گیا، جسے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی تحقیقات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
نتائج کے مطابق غیر شادی شدہ افراد میں تقریباً تمام اقسام کے کینسر کا خطرہ نسبتاً زیادہ دیکھا گیا۔
ماہرین نے بتایا کہ یہ رجحان مختلف آبادیاتی گروہوں میں یکساں طور پر دیکھا گیا، جس سے صحت پر سماجی اور طرزِ زندگی کے عوامل کے اثرات پر سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔
تحقیق میں صنفی فرق بھی نمایاں رہا۔ نتائج کے مطابق غیر شادی شدہ مردوں میں شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں کینسر کا خطرہ 70 فیصد زیادہ پایا گیا۔
خواتین میں یہ فرق مزید زیادہ تھا، جہاں غیر شادی شدہ خواتین میں شادی شدہ خواتین کے مقابلے میں خطرہ 85 فیصد تک زیادہ دیکھا گیا۔
پاؤں میں یہ 5 علامات نظر انداز نہ کریں
ماہرین کا کہنا ہے کہ شادی خود کینسر سے براہ راست تحفظ فراہم نہیں کرتی، تاہم یہ بروقت تشخیص اور بہتر علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
شادی شدہ افراد میں عموماً خاندان کی حمایت کے باعث بیماری کی جلد تشخیص اور علاج کے تسلسل کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔
محققین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ غیر شادی شدہ افراد کو تمباکو نوشی، غیر صحت مند غذا اور وزن میں اضافے جیسے خطرناک عوامل پر خاص توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ سماجی سپورٹ کی کمی کے ساتھ یہ طرزِ زندگی کے عوامل مل کر کینسر کے خطرے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ یہ نتائج حتمی نہیں ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ سماجی عوامل اور بیماری کے درمیان تعلق کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
