امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی خبروں کے بعد عالمی مالیاتی اور توانائی منڈیوں میں نمایاں ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل 98 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان سامنے آیا ہے۔ یورپی اور ایشیائی مارکیٹس میں سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اپنایا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھی گئی جہاں ہنڈریڈ انڈیکس 5 ہزار 43 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 65 ہزار 635 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
انٹربینک میں ڈالر 3 پیسے سستا، قیمت 278.97 روپے مقرر
ایشیا میں کورین کاسپی تقریباً 3 فیصد، جاپان کا نکئی 2.4 فیصد جبکہ ہانگ کانگ ہینگ سینگ 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ مثبت زون میں رہا۔
اس کے برعکس بھارتی شیئر بازاروں میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ یورپی مارکیٹس میں جرمن ڈیکس اور فرانس سی اے سی میں دورانِ کاروبار ایک فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
ادھر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور جلد اسلام آباد میں ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آسکتے ہیں۔
اسی طرح پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور اس ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے، جس سے عالمی منڈیوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
