لاہور: لاہور میں ریٹرننگ افسران ( آر اوز ) کے موبائل فونز میں انتخابی نتائج سے متعلق ریزلٹ مینیجمنٹ سسٹم (آرایم ایس) کی ایپلی کیشن آج نصب کر دی جائے گی، یہ ایپلی کیشن 2018 کے انتخابی نتائج کو شفاف بنانے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی کوششوں کا حصہ ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) کو آرایم ایس سسٹم نصب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں تاکہ ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج فوری طور پر بھیج سکیں۔
لاہور کے تمام آراوز آج ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ( ڈی آراوز ) سے ملاقات کریں گے اور انہیں انتخابی سامان کی پیکنگ اور پولنگ اسٹیشن عملے پر بریفنگ دیں گے۔
کراچی کے سوا ملک کے تمام حلقوں میں فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز پہنچا دیے گئے ہیں، 24 جولائی کو انہیں پولنگ اسٹیشنز میں بھیجا جائے گا، سیشن کورٹ میں پاک فوج کے جوانوں کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے نادرا کو ہدایت کی تھی کہ قومی شناختی کارڈ کے اجرا اور ان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گمشدہ یا کارڈ تبدیلی کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے، نادرا کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ 24 جولائی تک شہریوں کے شناختی کارڈ کا اجرا یقینی بنایا جائے۔