اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سیاسی رہنماؤں کی انتخابی اہلیت سے متعلق دائر درخواستوں پر فیصلہ سنادیا ہے جس میں متعدد کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔
جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سیاسی رہنماؤں کی نااہلی سے متعلق الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے این اے – 115 جھنگ سے آزاد امیدوار شیخ وقاص اکرم اور پیپلز پارٹی کے مخصوص نشست پر امیدوار ڈاکٹر رمیش لال کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
این اے- 149 تحریک انصاف کے امیدوار رائے حسن نوازکی نااہلی کے خلاف درخواست خارج کرتے ہوئے تین رکنی بنچ نے انہیں تاحیات نااہل قرار دے دیا ہے۔
حلقہ این اے 146 عارف والا سےتحریک انصاف کے امیدوار امجد جوئیہ اور پی پی 111 فیصل آباد سے آزاد امیدوار خواجہ محمد اسلام کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔
سندھ ہائی کورٹ نے نثار کھوڑو کو نااہل قرار دے دیا ہے۔