کویت حکومت نے قومی دن اور یوم آزادی کے موقع پر سرکاری اداروں میں دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ جس کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کو چار دن کی مسلسل چھٹیاں میسر ہوں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت کی کابینہ نے ہفتہ وار اجلاس میں یوم آزادی کے حوالے سے تعطیل کا فیصلہ کیا۔
سرکاری بیان کے مطابق تعطیلات بدھ 25 فروری اور جمعرات 26 فروری کو ہوں گی۔ اس دوران تمام سرکاری وزارتوں، محکموں اور عوامی اداروں میں کام مکمل طور پر معطل رہے گا۔
کویت میں جمعہ اور ہفتہ کو ہفتہ وار تعطیلات کے دن ہیں۔ اس طرح 25 اور 26 فروری کی سرکاری چھٹیوں کے ساتھ ملا کر ملازمین کو چار روزہ طویل تعطیلات میسر آئیں گی۔سرکاری دفاتر میں کام کا باقاعدہ آغاز اتوار یکم مارچ سے ہو گا۔
حکام کے مطابق وہ ادارے جو خصوصی آپریشنل ضروریات رکھتے ہیں۔ جیسے سیکیورٹی، صحت اور دیگر اہم خدمات کے شعبے، عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تعطیلات کا انتظام خود کریں گے۔ تاکہ ضروری خدمات کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آئے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کی عوام دشمن سرکار کی نااہلی اور بدانتظامی،پُورا بھارت احتجاج کرنے پر مجبور
تعطیلات کویت کے 65ویں قومی دن اور 35ویں یوم آزادی کی مناسبت سے منائی جا رہی ہیں۔ جو ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کے حامل مواقع ہیں۔
