اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ریٹرننگ افسروں کو انتخابی عمل سے متعلق تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں، ان میں پولنگ بیگز اور انتخابی سازوسامان کی تقسیم کے بارے میں ہدایات بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ انتخابی سامان کی تقسیم کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی جائے، ریٹرننگ افسر پولنگ اسٹیشن میں پریذائیڈنگ افسر کو سامان تقسیم کرے اور مرد و خواتین پریذائیڈنگ افسروں کے لیے الگ الگ کاؤنٹر تشکیل دیا جائے۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ رش سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کاؤنٹرز بنائے جائیں اور پریذائیڈنگ افسر کو متعلقہ کاؤنٹر سے سازو سامان مہیا کیا جائے، پولنگ اسٹیشن کی مناسبت سے مختلف اوقات میں سامان تقسیم کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا اس پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے جرائم کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے جو ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی کوششوں کا حصہ ہے۔
موجودہ انتخابات میں الیکشن کی شفافیت کے لیے پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے تاکہ دھاندلی کے امکانات کو کم سے کم کیا جائے۔