ڈنمارک نے بین الاقوامی کاروباری تقریبات کے انعقاد کو آسان بنانے کے لیے غیر ملکی کارکنوں کے لیے 10 دن تک ورک پرمٹ سے استثنا کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد عالمی کانفرنسز، تجارتی میلوں اور بڑی کاروباری تقریبات میں شریک اہم عملے کے لیے انتظامی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔
نئے ضابطے کے تحت وہ غیر ملکی شہری جو ڈنمارک سے باہر قائم کسی کمپنی کے ملازم ہوں اور کسی بین الاقوامی کاروباری ایونٹ کی ٹیم کا حصہ ہوں، 10 دن تک بغیر ورک پرمٹ کام کر سکیں گے۔
اس سہولت سے ایونٹ مینیجرز، پلانرز، ٹیکنیشنز، کمیونیکیشن اسپیشلسٹس اور دیگر عملہ فائدہ اٹھا سکے گا۔
قانون کے مطابق یہ استثنا صرف انڈور کاروباری تقریبات پر لاگو ہوگا جن میں کم از کم 400 رجسٹرڈ شرکا موجود ہوں اور جو عام عوام کے لیے اوپن نہ ہوں۔ اس میں ایونٹ سے پہلے تیاری، دورانِ انعقاد سرگرمیاں اور اختتام کے بعد کے انتظامی امور شامل ہیں۔
تاہم یہ سہولت عوامی میلوں، کنسرٹس، آؤٹ ڈور یا اوپن ایونٹس، فری لانسرز، مقامی طور پر بھرتی کیے گئے عملے یا غیر ضروری کرداروں پر لاگو نہیں ہوگی۔ ان زمروں میں آنے والے افراد کو ڈنمارک کے موجودہ ورک ویزا قوانین کے تحت اجازت حاصل کرنا ہوگی۔
