کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک سرکاری عمارت کے قریب ہونے والے خودکش بم دھماکے میں کم سے کم سات افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ گھر جانے کے لیے آفس سے نکل رہے تھے۔
وزارت برائے دیہی ترقی اور بحالی کے ترجمان فریدون ازحاند نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور نے عمارت کے گیٹ پرخود کو اڑایا جس میں سرکای عملے کو نشانہ بنایا گیا۔
تاحال کسی تنظیم نے خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ایک ماہ قبل بھی اسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
کابل پولیس کے ترجمان حشمت ستانکزائی کے مطابق خودکش حملے میں سات لوگ جاں بحق ہوئے جن میں سویلین اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
خود کش دھماکے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تعداد منسٹری میں کام کرنے والوں کی ہے۔